پشاور (کیو این این ورلڈ) سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار افغان دہشت گرد نے دورانِ تفتیش خودکش حملہ آور تیار کرنے سمیت متعدد اہم انکشافات کیے ہیں۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق افغانستان کے صوبہ پکتیا سے بتایا گیا ہے۔
مشیر اطلاعات اے آر ڈی سی محمود جان بابر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کارروائیاں کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز اور پولیس دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔
پریس کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی اے آر ڈی سی عباس احسن نے بتایا کہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران خارجی حکمت اللہ عرف حمزہ ولد نور محمد کو گرفتار کیا گیا، جس کا تعلق افغان صوبہ پکتیا سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد نے افغان آرمی میں کمانڈو ٹریننگ حاصل کر رکھی ہے اور وہ خارجی کمانڈر منصور کے ساتھ بطور سیکیورٹی گارڈ بھی کام کر چکا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق گرفتار دہشت گرد نے ایک خودکش حملہ آور کو بھی تیار کیا تھا۔ پریس کانفرنس کے دوران گرفتار دہشت گرد کا ویڈیو بیان بھی جاری کیا گیا، جس میں اس نے اپنے ماضی اور دہشت گردی کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔
ویڈیو بیان میں حکمت اللہ عرف حمزہ نے بتایا کہ وہ افغانستان میں طالبان کے دور میں زخمی ہوا تھا۔ اس نے بتایا کہ اس نے ایک سال تک مفتی کے ساتھ تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں ایک مدرسے میں درس و تدریس کا سلسلہ شروع کیا۔
گرفتار دہشت گرد نے مزید بتایا کہ اس کے بعد اس کی اکرمہ نامی شخص کے ساتھ جلال آباد میں ملاقات ہوئی۔ اس نے اپنے ویڈیو بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے اکرمہ کو خودکش حملے کے لیے تیار کیا تھا۔
گرفتار دہشت گرد نے ویڈیو بیان میں یہ بھی کہا کہ پاکستان میں اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جا رہا ہے۔ حکام نے پریس کانفرنس کے دوران گرفتار دہشت گرد کے اعترافی بیان کو افغانستان سے دہشت گردی کے نیٹ ورکس اور ان کی سرگرمیوں سے متعلق اہم انکشافات قرار دیا۔