کوئٹہ(کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا، کسی میں بھی پاکستان کو توڑنے کی طاقت نہیں، ہم محبِ وطن پاکستانی تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
جشنِ آزادی کے سلسلے میں پولو گراؤنڈ کوئٹہ میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ایف سی، پولیس اور سویلین سمیت تمام شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا اور قربانیوں کا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز امن کے قیام کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں، جنہیں صوبائی حکومت اور عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ شہداء کے اہلخانہ کے دکھ میں بلوچستان کے عوام برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بعض عناصر مختلف پروپیگنڈے کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم صوبے کے نوجوان اب ان کے عزائم اور چالوں کو سمجھ چکے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور اتحاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قائم تھا، قائم ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا، ہم محبِ وطن پاکستانی تھے، محبِ وطن پاکستانی ہیں اور محبِ وطن پاکستانی رہیں گے۔