لاہور(کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کو تعمیرِ وطن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کرنا ہوگی۔
مریم نواز نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، محترمہ فاطمہ جناح اور تحریکِ پاکستان کے دیگر رہنماؤں سمیت قیام، تعمیر اور تحفظِ پاکستان کے لیے جدوجہد کرنے والے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور قوم کے ہر فرد کو سلام پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے وطن کے دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والی افواجِ پاکستان اور سرحدوں کی حفاظت پر مامور جانباز سپاہیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اساتذہ، طلبہ و طالبات، مزدوروں، کارکنوں اور محنت کشوں کو بھی یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ پاکستان دینا چاہتی ہے، اگر ہر فرد اپنے حصے کا چراغ روشن کرے تو پورے وطن میں اجالا پھیل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرنے کے لیے اخلاص اور احساسِ ذمہ داری ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔ نوجوانوں کے لیے یومِ آزادی مستقبل سے عہدِ وفا نبھانے کا دن ہے، وہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ طلبہ کا دل لگا کر پڑھنا، اساتذہ کا ذمہ داری سے تعلیم دینا، معالج کا احساسِ فرض اور تاجر کی دیانتداری بھی حقیقی حب الوطنی کے مظاہر ہیں۔