اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان نے عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی آواز مؤثر بنانے کے لیے بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (جی 24) کی سربراہی سنبھال لی ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جی 24 کے نئے چیئرمین بن گئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس پیشرفت پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے اسے عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار کے لیے اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
چیئرمین شپ سنبھالنے کے بعد وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی مناسب نمائندگی اور منصفانہ مالیاتی نظام کے لیے آواز بلند کرے گا۔ عالمی معاشی پالیسیوں میں ترقی کو مرکزی اہمیت دینے کی ضرورت ہے اور معاشی استحکام کے ثمرات سرمایہ کاری، روزگار اور عوامی خوشحالی کی صورت میں سامنے آنے چاہئیں۔
وزیر خزانہ نے عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی بڑھانے اور تمام ممالک کو فیصلہ سازی میں مناسب حصہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو سستی اور بروقت مالی معاونت فراہم کرنے، قرضوں کے مسائل کا پائیدار حل نکالنے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان جی 24 کی سربراہی میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ ترقی پذیر ممالک میں سرکاری اور نجی سرمایہ کاری بڑھانے کے ساتھ معاشی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لیے مالی وسائل کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جی 24 کی کامیابی کا اصل پیمانہ ترقی پذیر ممالک کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے۔ پاکستان ترقی پذیر ممالک کی اجتماعی آواز کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کو جی 24 کی چیئرمین شپ ملنے پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیشرفت عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار اور آواز کو مزید تقویت دے گی۔
وزیراعظم نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں پاکستان کے مؤثر کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ کامیابی عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کو مزید مضبوط کرے گی۔