اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کا پی ٹی آئی کے 24 ارکان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 24 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پولیس اور تفتیشی افسر کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا، جس میں ایف آئی اے کو حکم دیا گیا کہ آئندہ احکامات تک نامزد ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں۔

عدالت کے حکم کے مطابق جن رہنماؤں اور ارکان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی اور ڈاکٹر امجد علی شامل ہیں۔

دیگر نامزد افراد میں جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب، ارشد عمرزئی، زر عالم، میاں عمر اور اختر خان بھی شامل ہیں۔

عدالتی حکم کے مطابق ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، بابر سلیم سواتی، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے پاسپورٹ بھی بلاک کیے جائیں گے۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق مذکورہ افراد مقدمے میں نامزد ہیں، جبکہ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔

عدالت نے مزید کہا کہ ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملے اور دہشت گردی کے فروغ سمیت سنگین الزامات عائد ہیں اور وہ عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے ہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ عبوری ضمانت حاصل کرنے والے بعض ملزمان بھی مقدمے کی تفتیش میں شامل نہیں ہوئے، جس کے بعد تفتیشی افسر کی جانب سے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کرلی گئی۔

عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ اگلے احکامات تک تمام 24 نامزد ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے