اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اوکاڑہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا جانے والا 14 من سے زائد مردہ گائے کا گوشت برآمد کرکے تلف کردیا، جبکہ مضرِ صحت گوشت کی مبینہ سپلائی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ گوشت سے بھری گاڑی کو مزید قانونی اور تفتیشی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے رات گئے 48/2 ایل، دیپالپور روڈ اوکاڑہ پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران مشتبہ گاڑی کو روک کر اس میں موجود ذبح شدہ گائے کے گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ویٹرنری ڈاکٹر کے مطابق گاڑی میں موجود گوشت سے انتہائی گندی اور ناقابلِ برداشت بدبو آ رہی تھی، جبکہ گوشت سڑا ہوا پایا گیا۔ معائنے کے بعد گوشت کو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا گیا، جس پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے 14 من سے زائد گوشت تلف کردیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ مضرِ صحت گوشت کو چھپا کر مختلف ہوٹلوں کو سپلائی کیا جانا تھا۔ بروقت کارروائی کے باعث مضرِ صحت گوشت کی ممکنہ سپلائی ناکام بنا دی گئی اور اسے شہریوں تک پہنچنے سے پہلے ہی تلف کردیا گیا۔
کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ گوشت لے جانے والی گاڑی کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور مضرِ صحت گوشت سمیت ناقص اور غیر معیاری خوراک کی سپلائی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک کے معیار یا مضرِ صحت اشیائے خورونوش سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ شہری خوراک سے متعلق شکایات پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر درج کرا سکتے ہیں۔