اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی ہدایات پر مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ احمد سلیم چشتی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے مختلف مقامات پر جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کیا اور صفائی کے معیار، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سروسز اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سارکو پروجیکٹ مینیجر محمد رضوان ظفر، تحصیل مینیجر نعمان راشد سمیت دیگر متعلقہ فیلڈ افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔
مینجنگ ڈائریکٹر احمد سلیم چشتی نے مختلف علاقوں میں شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور صفائی کے انتظامات اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے ان کی آراء اور تجاویز معلوم کیں۔ شہریوں نے صفائی کی صورتحال سے متعلق اپنی تجاویز اور مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔
احمد سلیم چشتی نے متعلقہ افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سروسز میں بہتری لائی جائے۔ انہوں نے شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ کرنے اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی کے ذریعے بہترین صفائی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہر اور دیہات میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ صفائی آپریشن میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور فیلڈ افسران صفائی کے عمل کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔