اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے انتظامات، سکیورٹی، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، پینے کے صاف پانی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو محرم الحرام کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران فیلڈ میں متحرک رہیں اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے اور تمام اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کی۔
احمد عثمان جاوید نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔