میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ)میہڑ کے نواحی گاؤں میرو کلہوڑو میں مبینہ طور پر زہریلی سویاں کھانے سے دو خواتین سمیت ایک ہی گھر کے 3 افراد بے ہوش ہوگئے، جنہیں تشویشناک حالت میں تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا۔
متاثرہ افراد میں غلام فاطمہ سولنگی، کوئل خاتون اور حاجی سولنگی شامل ہیں۔ ورثا کے مطابق متاثرہ افراد کی حالت اچانک غیر ہو گئی جس پر انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔
متاثرین کے رشتہ دار نظیر احمد سولنگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے کزن محمد علی سولنگی، علی حسن سولنگی اور دانیال سولنگی نے ان کے اہل خانہ کو سویاں کھلائیں، جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے ساتھ ایسا کیوں کیا گیا، تاہم واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ورثا نے ایس ایچ او رادھن سے انصاف کی فراہمی اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ آخری اطلاعات تک رادھن تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔