اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور انتظامی امور کے حوالے سے جامع حکمت عملی طے کی گئی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ سمیت علمائے کرام اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ ضلعی سربراہان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں مویشی منڈیوں کے قیام کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور ان منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ جمعہ کے خطبات میں صفائی ستھرائی کی اہمیت کو اجاگر کریں تاکہ شہری عید کے موقع پر صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کی فضا کو فروغ دیا جائے۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید کے ایام میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بازاروں اور رش والے مقامات پر لیڈی پولیس بھی تعینات کی جائے گی تاکہ خواتین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
اجلاس میں شریک علمائے کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام امن، بھائی چارے اور برداشت کا درس دیتا ہے، اور عیدالاضحیٰ ایثار و قربانی کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مسالک کے درمیان ہم آہنگی کو برقرار رکھا جائے گا اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو اتحاد و اتفاق سے ناکام بنایا جائے گا۔
اجلاس کے دوران امن عامہ کے قیام کے لیے علمائے کرام نے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ مزید برآں، معرکۂ حق کی تاریخی کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جبکہ اجلاس کے اختتام پر افواجِ پاکستان کی مضبوطی اور ملکی استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔