اوکاڑہ: 'معرکہ حق' کا ایک سال مکمل، مرکزی تقریب کا انعقاد

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیفملک ظفر)ضلع اوکاڑہ میں ‘معرکہ حق’ کا ایک سال مکمل ہونے پر تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول اوکاڑہ میں منعقد ہوئی جس کی صدارت سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف نے کی۔ تقریب میں اساتذہ، طلباء اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی مسلح افواج سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف نے بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ‘معرکہ حق’ کی اہمیت اور اس کے دور رس نتائج پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ‘معرکہ حق’ ہماری دفاعی تاریخ کا ایک روشن اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیاں نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تقریب کے دوران مختلف سکولوں کے طلباء نے پاک فوج کی بہادری اور شجاعت کے موضوع پر پرجوش تقاریر کیں۔ طلباء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین اور بہادر ترین افواج ہیں جو ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔

مرکزی تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز کی سالمیت، استحکام اور افواجِ پاکستان کی سر بلندی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے حکام نے ‘معرکہ حق’ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر تمام سکولوں میں منعقدہ پروگراموں کے معیار اور طلباء کے جذبے کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے