اوکاڑہ: محرم سکیورٹی اجلاس، ایس او پیز پر سخت عملدرآمد اور امن و امان برقرار رکھنے کا فیصلہ

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے لائسنس ہولڈرز، منتظمین مجالس و جلوس اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانا اوکاڑہ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام لائسنس ہولڈرز اور منتظمین مجالس و جلوس مقررہ روٹس اور اوقات کار کی پابندی کریں گے جبکہ حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ڈی پی او نے کہا کہ اسلام محبت، رواداری، اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، لہٰذا محرم الحرام کے دوران نظم و ضبط اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ کسی بھی قسم کی افرا تفری یا اشتعال انگیزی سے بچا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی پی او اوکاڑہ نے مزید کہا کہ پولیس محرم الحرام کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے۔

اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ ملک کی سلامتی، استحکام اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے