عید میلادالنبی ﷺ، اوکاڑہ آرٹس کونسل میں طلبہ کے درمیان مختلف مقابلے

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر): پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام جشن عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے اوکاڑہ آرٹس کونسل میں مقابلہ مقالہ نگاری، قرأت اور نعت کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع اوکاڑہ کے مختلف سکولوں، مدارس، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مقابلہ مقالہ نگاری میں طلبہ نے سیرت النبی ﷺ کے امن، ہمدردی، باہمی ہم آہنگی، رواداری اور انسانیت سے محبت کے پیغام کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اپنی تحقیقی و ادبی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ مقابلہ قرأت و نعت میں شرکاء نے خوبصورت آواز اور فنِ قرأت و نعت کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کیا۔

مقابلہ جات میں اوکاڑہ کے نامور قراء، نعت خواں حضرات اور سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر تحقیقی و علمی مہارت رکھنے والے مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ نے بطور منصف خدمات انجام دیں۔ مقابلوں کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پوزیشن ہولڈرز میں انعامی چیکس اور اسناد تقسیم کیں۔ انہوں نے مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے کے لیے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب کے زیر اہتمام اس نوعیت کی مثبت اور بامقصد سرگرمیوں کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے مؤثر مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کرنا، نئی نسل کو اسلامی اقدار سے روشناس کرانا اور سیرت النبی ﷺ کے امن، ہمدردی، باہمی ہم آہنگی، رواداری اور انسانیت سے محبت کے پیغام کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو صحت مند، تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسی سرگرمیاں طلبہ میں اعتماد، تخلیقی صلاحیتوں اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع بھی فراہم کرتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے