اوکاڑہ: دیہی لنک روڈز خستہ حال، ہزاروں شہری مشکلات کا شکار

اوکاڑہ (بیورو رپورٹ) حلقہ پی پی 190 اور این اے 136 کے دیہات کو تحصیل و ضلعی مراکز سے ملانے والے متعدد اہم لنک روڈز گزشتہ کئی سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جس کے باعث روزانہ ہزاروں شہریوں، طلبہ، کسانوں اور دیگر مسافروں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سماجی رہنما ملک ظفر اقبال بھوہڑ نے ضلعی انتظامیہ اور حلقے کے منتخب نمائندگان سے مطالبہ کیا ہے کہ خستہ حال سڑکوں کی فوری مرمت و تعمیر کو آئندہ ترقیاتی منصوبوں میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق پی پی 190 اور این اے 136 کے متعدد دیہات کو مرکزی شاہراہوں، تحصیل اور ضلعی مراکز سے ملانے والے لنک روڈز مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث عرصہ دراز سے زبوں حالی کا شکار ہیں۔ چک نمبر 22 فور ایل سے 31 فور ایل تک جانے والی سڑک بھی کئی سال سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جبکہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈے بن چکے ہیں، جس کے باعث گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔

اسی طرح گیمبر روڈ کا ایک حصہ زیر تعمیر ہے، جبکہ فور ایل کے دیگر علاقوں میں سڑکوں کے اطراف موجود گہرے کھڈوں اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث آمدورفت کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔ شاہ بھور تا 36 فور ایل اور 31 فور ایل تا غیاث چوک روڈ بھی اہم رابطہ سڑکیں ہیں، جنہیں روزانہ بڑی تعداد میں شہری استعمال کرتے ہیں، تاہم ان کی خستہ حالی کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی شہریوں کے مطابق ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کے باعث نہ صرف سفر کا دورانیہ بڑھ گیا ہے بلکہ گاڑیوں کو نقصان پہنچنے اور حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ دیہی علاقوں کے کسانوں کو اپنی زرعی اجناس منڈیوں تک پہنچانے، طلبہ کو تعلیمی اداروں تک رسائی اور مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں بھی دشواری کا سامنا رہتا ہے۔

ملک ظفر اقبال بھوہڑ نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعمیرات و مواصلات اور حلقے کے منتخب نمائندگان سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ علاقوں کی خستہ حال سڑکوں کا فوری سروے کرایا جائے اور 22 فور ایل تا 31 فور ایل، شاہ بھور تا 36 فور ایل اور 31 فور ایل تا غیاث چوک سمیت دیگر اہم لنک روڈز کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے نہ صرف دیہی آبادی کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ کسانوں، طلبہ اور مریضوں کو درپیش مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے