اوکاڑہ: جشن عید میلاد النبی ﷺ، جلوسوں کے لیے سیکیورٹی و سہولیات کے انتظامات مکمل

اوکاڑہ (بیورو چیف: ملک ظفر): ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایات پر ضلع اوکاڑہ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ عقیدت، احترام اور شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلع بھر کی اہم شاہراہوں اور چوکوں پر ایمان افروز فلیکسز اور بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں، جبکہ تمام سرکاری عمارات پر خوبصورت لائٹنگ کے ذریعے شہر کی فضاؤں کو منور کر دیا گیا ہے۔

12 ربیع الاول کے مبارک موقع پر نکالے جانے والے جلوسوں اور مذہبی تقریبات کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تمام ضروری سہولیات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ جلوسوں کے روٹس پر شرکاء اور عاشقانِ رسول ﷺ کے لیے پینے کے صاف پانی کی سبیلیں قائم کی گئی ہیں، جبکہ محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے تمام راستوں پر صفائی ستھرائی، سڑکوں کے پیچ ورک اور فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کو حتمی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق جلوسوں کے دوران ہیلتھ ڈیسک اور ریسکیو عملہ بھی مکمل طور پر متحرک رہے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے تمام روٹس پر پینے کے صاف پانی کی سبیلیں، ہیلتھ ڈیسک اور ریسکیو کا عملہ عاشقانِ رسول ﷺ کی سہولت کے لیے موجود رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آمدِ مصطفیٰ ﷺ کا مبارک موقع ہم سے اخوت، محبت اور باہمی احترام کا تقاضا کرتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں اور جلوسوں کے منتظمین سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں تاکہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تمام مذہبی تقریبات اور جلوس پرامن اور مثالی ماحول میں مکمل ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے