اوکاڑہ(کیو این این ورلڈ /بیورو چیف ملک ظفر) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق نے زیر تعمیر اوکاڑہ میڈیکل کالج کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود، ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک، ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج اور پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر سمیت محکمہ بلڈنگز کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے صوبائی وزیر کو منصوبے پر پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میڈیکل کالج کا یہ اہم منصوبہ 4.6 ارب روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں اکیڈمک بلاک، کیفٹیریا اور فیمیل ہاسٹل کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے۔
وزیر صحت نے محکمہ بلڈنگز کے حکام کو ترقیاتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ عوامی سہولت کے اس اہم منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جا سکے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے کہا کہ حکومتِ پنجاب طبی تعلیم اور صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور اوکاڑہ میڈیکل کالج ضلع کے عوام کے لیے ایک بے مثال تحفہ ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے مزید تاکید کی کہ منصوبے کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ پایا تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انھوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی کام کی ہفتہ وار بنیادوں پر خود مانیٹرنگ کریں اور کام کی رفتار تیز کریں تاکہ منصوبے کے لیے مزید فنڈنگ بھی بروقت جاری کی جا سکے۔