پشاور(کیو این این ورلڈ)پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کا بنیادی مقصد پولیس فورس کی تنخواہوں میں اضافے اور شہداء کے ورثاء کے لیے ویلفیئر پیکیج کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں مشیر داخلہ کفایت اللہ خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم امجد علی خان اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے شرکاء کو پولیس فورس کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے تنخواہوں میں اضافے سے متعلق تجاویز پر مشتمل سمری جلد از جلد تیار کرکے بھجوانے کی سختی سے ہدایت کی۔
آئی جی پولیس نے شہداء کے ورثاء کے لیے ویلفیئر پیکیج کے حوالے سے بھی تفصیلی نکات پیش کیے۔ اجلاس میں زخمیوں اور شہداء پیکج 2025 میں اضافے کی اہم تجویز زیر غور آئی۔ اس کے علاوہ، شہداء کے ورثاء کو پلاٹ کی بجائے نقد مالی معاونت فراہم کرنے، پولیس شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے لیے مالی معاونت دینے، اور شہداء کے بچوں کے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے ایک خصوصی انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے آئی جی پولیس کی جانب سے پیش کردہ تمام فلاحی تجاویز سے مکمل اتفاق کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان تجاویز پر مبنی سمری فوری طور پر تیار کرکے منظوری کے لیے ارسال کی جائے۔