اوکاڑہ: تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن، دکانداروں کا سامان ضبط، آپریشن جاری رکھنے کا اعلان

اوکاڑہ: (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر پیرا فورس نے تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے جی ٹی روڈ پر بھرپور آپریشن کیا۔

سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی ہونے والی کارروائی کے دوران سڑک کے اطراف قائم غیر قانونی تجاوزات کو ختم کر دیا گیا جبکہ متعدد دکانداروں کا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔

اس موقع پر وسیم جاوید کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات کے ازالے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی اور سڑکوں پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تجاوزات ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے دکانداروں اور شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ازخود تجاوزات سے گریز کریں بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں متعلقہ ٹیموں کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔

سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے عزم ظاہر کیا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور شہر کو تجاوزات سے پاک رکھنے کیلئے یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے