گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) اوباڑو کے نواحی علاقے لانھگو روڈ پر پیش آنے والے دلخراش واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو اس کی والدہ کے سامنے قتل کردیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید بے چینی پھیل گئی جبکہ مقتول کے گھر میں کہرام مچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق نوجوان اپنی والدہ کے ہمراہ لانھگو روڈ کے قریب موجود تھا کہ اسی دوران مسلح افراد نے انہیں روک کر فائرنگ شروع کردی۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے انتہائی قریب سے متعدد گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ والدہ چیخ و پکار کرتی رہ گئی۔ افسوسناک منظر دیکھ کر اہل علاقہ بھی غمزدہ ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔ مقتول کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی شناخت سوالی مزاری کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق روجھان سے بتایا جارہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب واقعے کے بعد مقتول کے ورثا نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ دن دہاڑے پیش آنے والے اس واقعے نے امن و امان کی صورتحال پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا ختم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔