یومِ تکبیر پر مریم نواز کا پیغام، نواز شریف کی قیادت کو سراہا

لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف بکا نہیں، جھکا نہیں، اور وہ ایک عظیم شخص کی بیٹی ہونے پر فخر محسوس کرتی ہیں۔

یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ وہ الحمدللہ اس دن پر پوری پاکستانی قوم سمیت امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے ایٹمی دفاعی مشن میں کردار ادا کرنے والی ٹیم کے تمام افراد کو سلام پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو عالمِ اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنانے والے محمد نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے مشکل حالات میں بھی جرات مندانہ فیصلے کیے اور قومی مفاد کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے فخر کا دن ہے، جبکہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملک کے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ 10 مئی ہو یا 28 مئی، پاکستانی قوم مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے جرات مندانہ فیصلوں کو آج بھی سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارا مشن پاکستان کو معاشی طور پر بھی ناقابلِ تسخیر بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ قوم کو اتحاد، یکجہتی، محنت، برداشت اور رواداری کے عزم کو دوبارہ تازہ کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے