شمس الرحمٰن سواتی کا نوٹیفکیشن جاری، مزدوروں کی مؤثر نمائندگی وقت کی ضرورت قرار

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ / نیوز رپورٹر شاہد خان): نیشنل لیبر فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمٰن سواتی نے ڈیرہ غازی خان کے معروف گولڈ میڈلسٹ فوٹو جرنلسٹ حاجی محمد زبیر خان لودھی کو نیشنل لیبر فاؤنڈیشن پاکستان پنجاب جنوبی کا میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

یہ اعلان ڈیرہ غازی خان میں منعقدہ نیشنل لیبر فاؤنڈیشن پاکستان پنجاب جنوبی کی صوبائی مجلسِ عامہ کے پروگرام کے اختتام پر کیا گیا۔ تقریب میں نیشنل لیبر فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمٰن سواتی سمیت تنظیم کے مرکزی و صوبائی عہدیداران اور مختلف مزدور یونینوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمٰن سواتی نے کہا کہ نیشنل لیبر فاؤنڈیشن پاکستان ملک کی بڑی مزدور تنظیموں میں شامل ہے جو مزدور طبقے کے حقوق کے تحفظ اور ان کی مؤثر نمائندگی کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں تقریباً ساڑھے آٹھ کروڑ مزدور محنت و مشقت کے ذریعے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، لہٰذا ان کے مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کے لیے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔

تقریب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن، نیشنل لیبر فاؤنڈیشن پنجاب جنوبی کے صدر مرزا محمد عیسیٰ، پروفیسر رشید احمد اختر، سیکرٹری جنرل پنجاب جنوبی محمد حسنین فراز سمیت مختلف یونینوں کے عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے۔

تقریب کے اختتام پر تنظیمی عہدیداران، کارکنان اور شرکاء نے حاجی محمد زبیر خان لودھی کو میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صحافتی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے تنظیم کی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے