ضلع کونسل ننکانہ کا خطرناک عمارات کے خلاف کریک ڈاؤن، شہریوں کے تحفظ کیلئے بلاامتیاز کارروائیاں جاری

ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف احسان اللہ ایاز): ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید کی سربراہی اور چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل گلشن نورین کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب کی پلاننگ برانچ نے ضلع بھر میں خستہ حال اور خطرناک (Dangerous Buildings) عمارات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور ممکنہ حادثات کی روک تھام ہے۔

ضلع کونسل کی ٹیمیں شہر اور دیہی علاقوں میں خطرناک، بوسیدہ اور خستہ حال عمارات کا تفصیلی سروے اور موقع پر معائنہ کر رہی ہیں۔ سروے کے دوران ایسی عمارات کی نشاندہی کی جا رہی ہے جو کسی بھی وقت منہدم ہو کر جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔

ضلع کونسل حکام کے مطابق کارروائی کے دوران اب تک چار خطرناک عمارات کو سیل کیا جا چکا ہے، جبکہ پانچ عمارات کے مالکان سے ضروری مرمت کا کام مکمل کروا لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر خستہ حال عمارات کے مالکان کو بھی فوری مرمت، بحالی اور حفاظتی اقدامات کے لیے نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں احکامات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتظامیہ کی جانب سے شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ مساجد، عوامی مقامات اور مقامی ذرائع کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود خستہ حال یا خطرناک عمارات کی فوری اطلاع ضلع کونسل کو دیں تاکہ بروقت معائنہ، حفاظتی اقدامات اور قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ایسے خطرے کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جائے گا جو عوام کی زندگیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہو۔

چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل گلشن نورین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطرناک عمارات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ ماحول کی فراہمی اور عوامی جان و مال کا تحفظ ڈسٹرکٹ کونسل کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے