ملتان (کیو این این ورلڈ): گودام چوک کے قریب ایک ہی خاندان کے پانچ افراد چائے پینے کے بعد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے، متاثرہ افراد کو ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد کے بعد نشتر ہسپتال منتقل کردیا۔
متاثرہ خاندان کے مطابق گھر میں تیار کی گئی چائے پینے کے بعد برتن میں مردہ چھپکلی موجود ہونے کا انکشاف ہوا، جس کے بعد پانچوں افراد کی حالت غیر ہوگئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق متاثرہ تمام افراد ہوش میں تھے، تاہم فوڈ پوائزننگ کے شبہ میں انہیں مزید طبی معائنے اور علاج کے لیے نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ افراد میں 43 سالہ خاتون، 17 سالہ، 11 سالہ، 8 سالہ اور 6 سالہ بچے شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 کی ایمبولینس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرین کو ہسپتال پہنچایا۔
واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات اور طبی معائنے کے بعد ہی فوڈ پوائزننگ کی حتمی وجہ سامنے آسکے گی۔