گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ /بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) محرم الحرام کے دوران امن و امان، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کمشنر محمد علی کی زیر صدارت ایک اہم امن و اتحاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام، امن کمیٹی کے ممبران اور انتظامی افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد وفد و چئیرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب مولانا ڈاکٹر انتخاب احمد نوری اور دیگر مقررین نے زور دیا کہ محرم الحرام میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کی اشد ضرورت ہے اور حضرت امام حسینؓ کی قربانی امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ یکجہتی برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ علماء، انتظامیہ اور عوام جلوسوں و مجالس کے پرامن انعقاد میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
کمشنر محمد علی نے کانفرنس کو یقین دلایا کہ محرم الحرام کے لیے سکیورٹی، صفائی اور ٹریفک کے تمام انتظامات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیے جا رہے ہیں، تمام متعلقہ ادارے مکمل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد کا کہنا تھا کہ تمام حساس معاملات افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت سے حل کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے سکیورٹی کے حوالے سے واضح کیا کہ محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ کسی کو بھی شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پولیس حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔