محمد اسلم شہزاد جرنلسٹ فاؤنڈیشن آف پاکستان کے شوبز ونگ کے وائس چیئرمین مقرر

ملتان (کیو این این ورلڈ/شوبز رپورٹر)معروف اداکار، ہدایت کار اور تھیٹر کی نامور شخصیت محمد اسلم شہزاد کو جرنلسٹ فاؤنڈیشن آف پاکستان رجسٹرڈ کے شوبز ونگ کا وائس چیئرمین نامزد کر دیا گیا ہے۔ نئی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد انہوں نے فنکار برادری کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ اور شوبز انڈسٹری کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

محمد اسلم شہزاد کا شمار پاکستان کے سینئر اور تجربہ کار فنکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1981 میں کیا اور معروف استاد ایس قمر زیدی کی شاگردی میں اداکاری اور ہدایت کاری کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔ بطور اداکار انہوں نے متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا جن میں "چراغ تلے اندھیرا”، "بڈھے کی عید”، "واہ تیری قسمت” اور "چلی چال باز” نمایاں ہیں۔

بطور ہدایت کار بھی محمد اسلم شہزاد نے شوبز انڈسٹری کو کئی کامیاب اور یادگار ڈرامے دیے۔ ان کے نمایاں ڈراموں میں "ہم بھی دیکھیں گے”، "گنڈاسا فیملی” اور "ہیرا ہوا باز” شامل ہیں، جنہیں شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔

اپنے طویل اور کامیاب کیریئر کے دوران محمد اسلم شہزاد نے متعدد نئے مرد اور خواتین فنکاروں کو متعارف کروا کر ان کے فنی سفر کی بنیاد رکھی۔ ملتان میں تھیٹر کلچر کے فروغ اور ترقی میں بھی ان کی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔ انہوں نے کرن تھیٹر، مون تھیٹر اور جہاں زیب تھیٹر جیسے اداروں اور پلیٹ فارمز کو فعال بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث جنوبی پنجاب میں تھیٹر کے شعبے کو نئی جہت ملی۔

محمد اسلم شہزاد اس وقت ملتان آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے وائس پریذیڈنٹ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔ جرنلسٹ فاؤنڈیشن آف پاکستان رجسٹرڈ کے شوبز ونگ کے وائس چیئرمین مقرر ہونے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فنکار معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل کے حل، فلاح و بہبود اور مستقبل کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس نئے پلیٹ فارم کے ذریعے فنکار برادری کے حقوق کے تحفظ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور شوبز انڈسٹری کی بہتری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے لیے بہتر مواقع کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔

مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت
QNN World

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے