اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کشمیری نوجوانوں کا خون بہا رہی ہے اور بھارت کشمیری رہنماؤں کو جعلی مقدمات میں پھنسا کر قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے “سیو یاسین ملک” مہم کے تحت عوام، تاجروں اور مختلف حلقوں کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کی جان بچانے اور کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لیے ایک بھرپور عوامی تحریک کی ضرورت ہے۔
مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت کشمیری حریت رہنماؤں کے خلاف “جوڈیشل ٹیررازم” استعمال کر رہا ہے اور ان کی قانونی و طبی سہولیات تک رسائی بھی بند ہے۔ ان کے مطابق یاسین ملک کو نہ وکیل، نہ خاندان اور نہ ہی ڈاکٹر تک رسائی دی جا رہی ہے جبکہ ان کا میٹلک ہارٹ والو بھی عرصہ دراز سے ایکسپائرڈ ہے جس سے ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پہلگام واقعے کے بعد کشمیریوں پر مظالم میں مزید اضافہ ہوا ہے اور 22 جولائی کو یاسین ملک کیس کی سماعت کے دوران صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
مشعال حسین ملک کا کہنا تھا کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم میں ملوث ہے بلکہ خطے میں سرحد پار دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کشمیریوں کے قتل پر جشن مناتا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تو خطہ خطرناک صورتحال سے دوچار ہو سکتا ہے، جبکہ کشمیری عوام کی آواز دبانے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔