جی ڈی اے رہنما لیاقت جتوئی کی حکومت پر کڑی تنقید، پریا کماری اور اجالا سولنگی کی بازیابی کا مطالبہ

میہڑ (کیو این ورلڈ / منظور علی جوئیہ) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیرِ اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی نے میہڑ کے برڑا ہاؤس میں شہری اتحاد میہڑ کے چیئرمین نیاز علی برڑو کی جانب سے منعقدہ چائے پارٹی میں خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے شہریوں، سیاسی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے تفصیلی ملاقاتیں بھی کیں۔ اس موقع پر ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت علی جتوئی نے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ یہ حکومت فارم 47 کی پیداوار ہے جو سراسر انتخابی دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پورے سندھ سمیت ضلع دادو میں بھی عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا، جس کے باعث صوبہ ترقی کرنے کے بجائے بدحالی اور مستقل تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ضلع دادو میں سڑکوں کا نیٹ ورک مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، جبکہ تعلیم، صحت، آبپاشی اور دیگر سرکاری محکموں میں کرپشن عروج پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے انتظامی امور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ کی دھجیاں اڑا کر صرف مالی مفادات کی بنیاد پر من پسند افسران کی تقرریاں کی جا رہی ہیں، جس سے نہ صرف ادارے تباہ ہو رہے ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ لیاقت علی جتوئی نے دعویٰ کیا کہ عوامی مینڈیٹ کے بغیر آنے والے موجودہ حکمرانوں کا اقتدار زیادہ دیر قائم نہیں رہے گا۔ انہوں نے میہڑ کی بچیوں اجالا پروين سولنگی اور پریا کماری کی طویل گمشدگی پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اس حساس معاملے میں فوری اور مؤثر کارروائی کرے تاکہ ان کے خاندانوں کو انصاف مل سکے۔

اس سے قبل شہری اتحاد میہڑ کے چیئرمین نیاز علی برڑو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ منتخب نمائندے عوامی ووٹوں کے بجائے فارم 47 کے ذریعے زبردستی اقتدار میں لائے گئے ہیں۔ انہوں نے میہڑ کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ شہر میں اسکول، اسپتال، سڑکیں، واٹر سپلائی، بجلی اور گیس سمیت تمام بنیادی سہولیات کی حالت انتہائی ابتر ہو چکی ہے اور عوام شدید ترین مشکلات کا شکار ہیں۔ نیاز علی برڑو کا مزید کہنا تھا کہ یونین کونسل میہڑ کے بلدیاتی انتخابات میں ان کے پینل نے واضح اکثریت حاصل کی تھی، مگر دھاندلی کے خلاف انہیں الیکشن کمیشن اور عدالتوں سے بھی انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت کی دعویدار ضرور بنتی ہے، لیکن سندھ کے عوام کو بنیادی سہولیات اور حقوق فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اس پروقار تقریب میں انجینئر ظفر علی جتوئی، تمندار صدا حسین چانڈیو، ڈاکٹر عباس مہیسر، ڈاکٹر عبدالحق عباسی، نامور تاجر رہنماؤں، سماجی شخصیات، سیاسی کارکنوں اور جی ڈی اے کے حامیوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے