میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ) میہڑ کے علاقے داؤد مہیسر محلہ میں سئی گیس پائپ لائن میں دھماکے کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں دو دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق گیس پائپ لائن میں مبینہ طور پر لیکیج کے باعث دھماکا ہوا جس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی اور قریبی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے نتیجے میں قربان علی سومرو اور مصطفیٰ چانڈیو کی دکانوں میں موجود سامان مکمل طور پر جل گیا۔
واقعے کے دوران دکان میں کام کرنے والا مزدور عرفان علی سومرو بری طرح جھلس کر زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اس کی حالت تشویشناک ہونے پر مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا۔
مقامی افراد نے واقعے کی وجہ سئی گیس عملے کی مبینہ غفلت اور پائپ لائن کی خستہ حالت کو قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔