احمد پور شرقیہ (کیو این این ورلڈ) گورنمنٹ صادق عباس گریجوایٹ کالج ڈیرہ نواب صاحب میں "یومِ تشکر معرکہ حق بنیان مرصوص زندہ باد” کے عنوان سے ایک پروقار تقریب اور ریلی منعقد کی گئی. تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر کالجز بہاولپور ڈویژن پروفیسر ڈاکٹر رانا شرافت علی تھے، جن کا استقبال انچارج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ جامعی نے پھولوں کے ہار پہنا کر کیا. اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیے.
ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر رانا شرافت علی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاک افواج بہادری و دلیری میں اپنی مثال آپ ہیں. انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ مہارت کے حصول کے لیے دن رات محنت کرنی چاہیے تاکہ ملک و ملت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں. ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہم سب کو اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ایمانداری سے کام کرنا ہوگا.
انچارج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ جامعی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے ہمیں ہمہ وقت چوکنا رہنا ہوگا. انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم و تربیت ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے ملکی وقار میں اضافہ ممکن ہے. تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے طلبہ میں جوش و جذبہ پیدا کرنے کے لیے نعرہ تکبیر اور پاک افواج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگوائے.
تقریب میں پروفیسر شمائلہ یعقوب، لیکچرر اعجاز الحق، اسد علی، محمد عدنان، حافظ دانیال، ملک عمران، محسن گیلانی، جام عبدالحمید میتلا، حافظ محمد جمیل، محمد ارسلان، عرفان الحق، فرخ نوید، خالد رشید چشتی، کائنات قادر اور عائشہ ظفر سمیت ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی.