میہڑ میں دو مبینہ پولیس مقابلے، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

میہڑ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ: منظور علی جوئیہ) میہڑ اور تھرڑی محبت کے مختلف لنک روڈز پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ دو الگ الگ مقابلوں میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دونوں زخمی ڈاکوؤں سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے سیکشن تھانے کی حدود میں قاضی عارف لنک روڈ پر گشتی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو علی گل سولنگی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ڈاکو کا تعلق گاؤں ملکانی شریف سے بتایا جاتا ہے۔

اسی طرح تھرڑی محبت تھانے کی حدود میں بھی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ پیش آیا، جس میں ایک اور ڈاکو سالم جمالی زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

زخمی ڈاکوؤں کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ بعد ازاں حالت تشویشناک ہونے کے باعث دونوں کو مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔

آخری اطلاعات تک دونوں واقعات کے مقدمات تھرڑی محبت تھانے اور میہڑ اے سیکشن تھانے میں درج نہیں ہو سکے تھے، جبکہ پولیس کی جانب سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے