تعلیمی انقلاب کی جانب پیشرفت: منڈی بہاؤالدین میں یونیورسٹی آف رسول کا افتتاح، ہزاروں طلبہ میں لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس تقسیم

گوجرانوالہ(کیو این این ورلڈ / بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی )وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے منڈی بہاؤالدین کا اہم تعلیمی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ‘یونیورسٹی آف رسول’ اور ‘رسول میڈیکل کالج’ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے ملٹی پرپز ہال کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ دورے کے دوران وزیرِاعلیٰ کا پنڈال آمد پر طلبہ نے انتہائی جوش و خروش سے پرگرم استقبال کیا۔

تقریب کی شروعات میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے طلبہ کے ساتھ مل کر قومی ترانہ پیش کیا، جبکہ طلبہ نے "اگر پوچھے کوئی، ہمارا شجرہ پاکستان” جیسے جذباتی ترانے پیش کر کے محفل پر سماں باندھ دیا۔ اس موقع پر طالبات نے وزیرِاعلیٰ کے لیے "تاریاں توں ووی سوہنی” کا گیت بھی گایا۔ ایک طالبہ نے انہیں پورٹریٹ اور کتاب پیش کی جبکہ وزیرِاعلیٰ نے طالبات کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں، ان سے گفتگو کی اور ان کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔

تقریب کے دوران ایک جذباتی منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب پولیو سے متاثرہ طالبہ میمونہ نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے خود آگے بڑھ کر اسے پیار کیا اور گلے لگاتے ہوئے کہا، "میں کسی بیٹی کی آنکھ میں آنسو نہیں دیکھ سکتی۔”

لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ کی تقسیم:
تقریب کے دوران ‘سی ایم اسکالرشپ’ اور ‘لیپ ٹاپ’ حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے جنرل سلامی پیش کی۔ صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے ‘ہونہار اسکالرشپ’ اور ‘لیپ ٹاپ سکیم’ کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے پروگرام کے دوررس نتائج پر روشنی ڈالی، جس کے بعد وزیرِاعلیٰ نے طلبہ میں لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس کے چیک تقسیم کیے۔

تقریب میں دیے گئے اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس کی تفصیل درج ذیل ہے:

منڈی بہاؤالدین کے لیے اسکالرشپس: سرکاری یونیورسٹی کے 50، پرائیویٹ و فیڈرل یونیورسٹی کے 38، میڈیکل کالج کے 15 اور مختلف کالجز کے 368 طلبہ کو ہونہار اسکالرشپ دیے گئے۔

دیگر تعلیمی اداروں کے لیے اسکالرشپس: یونیورسٹی آف گجرات کے 1,055، یونیورسٹی آف چناب کے 51 اور 18 مختلف کالجز کے 610 طلبہ کو ہونہار اسکالرشپ دیے گئے۔

لیپ ٹاپ اسکیم (منڈی بہاؤالدین و گجرات): سی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 5,531 طلبہ کو لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔

یونیورسٹیز: یونیورسٹی آف گجرات کے 2,406، یونیورسٹی آف رسول کے 521، یونیورسٹی آف چناب کے 173، منقبر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 87 اور ایئر یونیورسٹی کھاریاں کیمپس کے 80 طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے گئے۔

کالجز: نواز شریف میڈیکل کالج کے 39، 21 دیگر کالجز کے 2,021 اور نرسنگ کالج کی 204 طالبات کو لیپ ٹاپس فراھم کیے گئے۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے کے 70 مختلف ڈسپلنز/مضامین میں زیرِ تعلیم طلبہ کو سالِ رواں کے دوران مجموعی طور پر 50 ہزار اسکالرشپس جبکہ دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے 5,069 اسکالرشپس دیے جا رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر صوبے میں تعلیمی اصلاحات کی بہترین سرپرستی پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے