پاکستان امن کا داعی ہے، کشمیر کو حقِ خودارادیت دیا جائے: گورنر فیصل کریم کنڈی کا یومِ سیاہ کشمیر کی ریلی سے خطاب

پشاور (کیو این این ورلڈ)پشاور میں یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں ایک عظیم الشان اور مرکزی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کی۔ اس موقع پر مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اور کامل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ ریلی میں مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور، مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ، مشیر داخلہ کفایت اللہ خان اور نامور حریت رہنما داؤد خان یوسفزئی کے علاوہ سرکاری افسران، ملازمین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ وادی پر غاصب بھارتی قبضے اور مظالم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔

ریلی کے شرکاء سے اپنے خظاب میں گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کا دن پاکستان سمیت پوری دنیا میں بھارتی تسلط اور غیر قانونی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد اور ان کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا بنیادی حق دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کا ہر شہری اور پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے، اور اس ریلی کے ذریعے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور وہ مسئلہ کشمیر کا حل بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے۔

عالمی اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے ہی خطے اور دنیا میں امن کا داعی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے امن کا جو سفر شروع کیا گیا ہے، امید ہے کہ اس کا اختتام بھی امن پر ہی ہوگا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ اور ایران کے مابین شدید تنازع کے دوران تاریخی ثالثی کا کردار ادا کیا۔ جب تمام تر عالمی سفارت کاری ناکام دکھائی دے رہی تھی، تب پاکستان نے ذمہ دارانہ اقدام کرتے ہوئے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں انتہائی کلیدی کردار ادا کیا۔

گورنر نے مزید کہا کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کو ایک دہشت گرد ملک کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ناکام کوششیں کرتا رہا ہے، لیکن آج عالمی میڈیا خود پاکستان کو امن کے ایک عظیم داعی ملک کے طور پر تسلیم کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ پاکستان نے ماضی میں بھی محض 72 گھنٹوں کے اندر بھارتی غرور کو خاک میں ملا کر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔

فیصل کریم کنڈی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل پرامن راستے سے چاہتا ہے، اس لیے اسے اس پُرامن راستے سے ہٹنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ پوری دنیا اس بات سے اچھی طرح واقف ہے کہ پاکستانی فوج اور عوام اپنے حق کا دفاع کرنا بہترین طریقے سے جانتے ہیں، جبکہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ طاقت کے ذریعے حل کرنے کی بھی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کا بچہ بچہ ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام آزادی کی فضا میں سانس لیں گے اور دونوں خطوں کے عوام یکجا ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے