لاہور(کیو این این ورلڈ) ہربنس پورہ کے علاقے کنال روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے دوران بے قابو کار نے دو راہگیروں کو بھی اپنی زد میں لے لیا، جبکہ کار میں سوار تین افراد بھی حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 15 سالہ مزمل، 18 سالہ نعمان، 20 سالہ عبدالرحمن، 17 سالہ فرقان اور 19 سالہ جنید شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور جاں بحق افراد اور زخمی بچے کو سروسز ہسپتال منتقل کیا۔
زخمی بچے کو سروسز ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، جبکہ حادثے کے باعث علاقے میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی مزید وجوہات اور دیگر تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔