لنڈی کوتل پریس کلب میں صحافیوں کا اہم اجلاس، مسائل و ساکھ کے تحفظ پر غور

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار): ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈی کوتل رجسٹرڈ میں سینئر صحافیوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صحافی برادری کو درپیش مسائل، عوامی خدمات اور عوامی آواز کو اجاگر کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں سینئر صحافی اور ٹی یو جے سابق فاٹا کے سابق چیئرمین قاضی فضل اللہ، ٹی یو جے فاٹا کے نائب صدر ابوذر آفریدی، نورست آفریدی، شاہد شینواری، امین الحق آفریدی، نصیب شاہ شینواری، عطاء اللہ آفریدی، کامران شینواری اور سراج آفریدی سمیت دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر قاضی فضل اللہ نے کہا کہ لنڈی کوتل کے صحافیوں نے مشکل اور کٹھن حالات کے باوجود ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا اور اربابِ اختیار تک عوام کی آواز پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی صحافیوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کئی مشکلات کا سامنا کیا اور بعض نے اس راہ میں قربانیاں بھی دیں۔

اجلاس میں صحافیوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈی کوتل رجسٹرڈ، تورخم روڈ دلاور خان بلڈنگ میں 2004 سے فعال ہے، تاہم بعض عناصر کی جانب سے ایک نجی عمارت میں پریس کلب کے نام پر ہال کرائے پر لے کر متوازی سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں، جس سے اصل رجسٹرڈ پریس کلب اور صحافتی برادری کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ سیاسی و سماجی مشران اس معاملے میں کردار ادا کریں تاکہ صورتحال واضح ہو سکے اور صحافی برادری میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر اس معاملے کی شفاف چھان بین کی جائے تو حقائق مزید واضح ہو سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے