قمار بازی کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، داؤ پر لگی 7 ہزار روپے سے زائد رقم برآمد

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ): ضلع خیبر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے بھی پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ لنڈی کوتل پولیس نے قمار بازی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 قماربازوں کو گرفتار کرکے داؤ پر لگی 7 ہزار روپے سے زائد رقم برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی قیادت میں ضلع بھر میں قمار بازی سمیت دیگر سماجی برائیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او لنڈی کوتل عدنان آفریدی کی نگرانی میں پولیس نے علاقے سیدو خیل میں یونس کے حجرے میں قائم مبینہ قمار بازی کے اڈے پر چھاپہ مار کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران قمار بازی میں مصروف 17 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ قمار بازی کے لیے داؤ پر لگی 7 ہزار روپے سے زائد رقم بھی برآمد کی گئی۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے میں سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

ایس ایچ او لنڈی کوتل عدنان آفریدی نے کہا کہ پولیس امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ علاقے سے قمار بازی سمیت تمام سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے