خیبر (کیو این این ورلڈ/بیورورپورٹ): تھانہ جمرود کی حدود میں جوائنٹ چیک پوسٹ زرمت خان شہید، تختہ بیگ پر دہشت گردوں نے مختلف اطراف سے بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکاروں نے بہادری اور جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر متعدد اطراف سے حملہ کیا، تاہم چوکی میں تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس اہلکار شمال شلمانی اور ایف سی اہلکار نظیر شہید ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جوانوں کی مدد کے لیے اضافی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچا دی گئی، جبکہ ڈی پی او خیبر وقار احمد کی نگرانی میں علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی اور ممکنہ نقل و حرکت کے پیش نظر علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
ڈی پی او خیبر وقار احمد نے شہید پولیس اہلکار شمال شلمانی اور ایف سی اہلکار نظیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران غیر معمولی بہادری اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں نے مختلف اطراف سے ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ خیبر پولیس دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے اور ہمارے جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
ڈی پی او خیبر نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔