کندھ کوٹ(کیو این این ورلڈ/وقار احمد اعوان کی رپورٹ) سول ہسپتال کندھ کوٹ میں پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف رجسٹرڈ 2076 ضلع کشمور کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈی ایچ او ہیلتھ ضلع کشمور اعجاز علی شاہ نے کی، جبکہ ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر میر حسن کولاچی، اے ایم ایس ڈاکٹر خلیق انور باجکانی، محکمہ صحت کے افسران، پیرامیڈیکل اسٹاف کے عہدیداران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں شریک معزز مہمانوں کو جشنِ آزادی کے بیجز لگائے گئے اور سبز ہلالی پرچم والی کیپس پہنائی گئیں۔ اس موقع پر یونین آفس کندھ کوٹ کی عمارت پر قومی پرچم کشائی کی گئی، جس کے بعد پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تقریب میں ڈی ایچ او ہیلتھ اعجاز علی شاہ، ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر میر حسن کولاچی، اے ایم ایس ڈاکٹر خلیق انور باجکانی، ڈاکٹر انیل کمار، علی حسن قمبرانی، ضلع صدر پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف اعجاز احمد قاضی، ضلع جنرل سیکریٹری اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان اور ہمارا فخر ہے، جبکہ آزادی اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آزادی کی قدر کرتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
مقررین نے کہا کہ طبی شعبے سے وابستہ افراد قومی خدمت کے جذبے کے تحت عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں پیرامیڈیکل اسٹاف کی خدمات بھی قابلِ تحسین ہیں۔
تقریب کے اختتام پر جشنِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا، شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔