ضلع خیبر میں زرعی انقلاب: 415 ایکڑ پر زیتون کے باغات، جدید آئل ایکسٹریکشن مشین فعال

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی): ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں زیتون کی کاشت اور پیداوار کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں باڑہ ٹریننگ سنٹر میں زیتون سے تیل نکالنے والے جدید آئل ایکسٹریکشن یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔

محکمہ زراعت خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل مراد علی خان، ڈائریکٹر جنرل (ڈیزیگنیٹڈ) ڈسٹرکٹ محمد نوید خان اور اسسٹنٹ کمشنر باڑہ امان اللہ خان نے باڑہ ٹریننگ سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد زیتون سے تیل نکالنے والی جدید مشین کا افتتاح کرنا، ضلع خیبر میں جاری زرعی سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور مستقبل کے زرعی ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت ضلع خیبر ضیاء الاسلام داوڑ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے وفد کو ضلع خیبر میں محکمہ زراعت کی جانب سے جاری مختلف زرعی منصوبوں، نئی فصلوں کے فروغ، زیتون کی کاشت و پیوندکاری، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال اور کسانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ اور پریزنٹیشن دی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع خیبر میں زیتون کے فروغ کے لیے عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں اور اب تک ضلع بھر میں تقریباً 415 ایکڑ رقبے پر زیتون کے نئے باغات لگائے جا چکے ہیں۔ مزید برآں، علاقے میں موجود تقریباً 1 لاکھ 78 ہزار جنگلی زیتون کے درختوں پر کامیابی سے پیوندکاری (گرافٹنگ) مکمل کی جا چکی ہے، جس سے قدرتی وسائل کو کارآمد بنا کر زیتون کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق باڑہ ٹریننگ سنٹر میں نصب کی گئی جدید آئل ایکسٹریکشن مشین کے ذریعے اب تک تقریباً 3 ہزار 500 لیٹر خالص زیتون کا تیل نکالا جا چکا ہے، جو خطے میں زیتون کی کاشت اور تیل کی پیداوار کے حوالے سے مسلسل کامیابیوں کا واضح ثبوت ہے۔

زرعی ماہرین اور حکام کا کہنا ہے کہ زیتون سے تیل نکالنے کی یہ جدید مشین ضلع خیبر کے کسانوں کے لیے ایک انقلابی سہولت ہے۔ اس یونٹ کے قیام سے مقامی زمیندار اپنی زیتون کی فصل سے باآسانی اور معیاری تیل حاصل کر سکیں گے، جس سے نہ صرف ان کے سفری اخراجات اور مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ مقامی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ ضلع خیبر میں زیتون کی صنعت کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے