قصور: واسا دفتر کالونی میں موجود، شہری پھر بھی سیوریج مسائل کا شکار

قصور (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف طارق نوید سندھو ): گلبرگ کالونی میں گزشتہ دو روز سے نالے اور سیوریج لائنیں ابلنے کے باعث گلیاں گندے اور بدبودار پانی سے بھر گئی ہیں، جس کے باعث اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

گلیوں اور راستوں میں گندا پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے، جبکہ پانی سے اٹھنے والے تعفن کے باعث علاقے میں بیماریوں کے خدشات بھی پیدا ہوگئے ہیں۔ شہریوں کو روزمرہ معمولات کی انجام دہی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور گلیوں سے گزرنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ سیوریج کے مسئلے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو بارہا شکایات کی جا چکی ہیں، تاہم اس مسئلے کا مستقل حل نہیں کیا جا سکا۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر واسا کا قیام شہریوں کو بہتر سیوریج سہولیات فراہم کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے تو گلبرگ کالونی میں گزشتہ دو روز سے سڑکوں اور گلیوں میں گندا پانی کیوں کھڑا ہے؟

شہریوں کے مطابق مزید حیران کن امر یہ ہے کہ واسا کا دفتر بھی گلبرگ کالونی کے اندر موجود ہے، مگر اس کے باوجود دفتر سے چند قدم کے فاصلے پر رہنے والے شہری سیوریج کے مسائل سے دوچار ہیں۔ گندے پانی کی موجودگی سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ تعفن کے باعث ماحول بھی متاثر ہو رہا ہے۔

اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام اور واسا انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر موقع پر عملہ بھیجا جائے، گلیوں اور راستوں سے گندے پانی کی نکاسی کرائی جائے اور سیوریج لائنوں کی خرابی دور کرکے مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے، تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے