قصور (کیو این این ورلڈ/طارق نوید سندھو) ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی قصور کی ہدایات پر شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات، غیر منظور شدہ کمرشل منصوبوں اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 10 زیرِ تعمیر کمرشل عمارتوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ ایک غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے دفتر کو بھی بند کر کے مزید ترقیاتی سرگرمیاں روک دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل آفیسر (پلاننگ) کی نگرانی میں شہر کی مختلف مقامات پر کارروائی کی گئی۔ دورانِ آپریشن لینڈ یوز کنورژن اور بلڈنگ پلان منظوری فیس کی عدم ادائیگی پر 10 زیرِ تعمیر کمرشل عمارتوں کو سیل کر دیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ عمارتوں کے مالکان نے متعلقہ قوانین اور ضوابط کے مطابق ضروری منظوری حاصل نہیں کی تھی، جس کے باعث یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اسی دوران پیرو والا روڈ پر قائم ایک غیر قانونی لینڈ سب ڈویژن (ہاؤسنگ سکیم) کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے اس کے دفتر کو سیل کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے سکیم کی جانب سے تعمیر کی گئی غیر مجاز سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو مسمار کر دیا جبکہ ترقیاتی کام فوری طور پر بند کرا دیے گئے۔
میونسپل آفیسر (پلاننگ) نے کہا کہ شہری کسی بھی ہاؤسنگ سکیم، کمرشل منصوبے یا پراپرٹی میں سرمایہ کاری سے قبل میونسپل کمیٹی قصور کے پلاننگ برانچ سے اس کی قانونی حیثیت اور سرکاری منظوری کی تصدیق ضرور کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر منظور شدہ منصوبوں میں سرمایہ کاری شہریوں کے لیے مالی نقصان اور قانونی پیچیدگیوں کا باعث بن سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کمیٹی قصور کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات، غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ شہری علاقوں میں منظم اور قانون کے مطابق ترقیاتی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔