کراچی، لیاری ندی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، 5 خطرناک ڈاکو ہلاک

کراچی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار ڈاکٹربشیراحمدبلوچ) شہرِ قائد کے علاقے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں پانچ خطرناک ملزمان مارے گئے ہیں۔ یہ واقعہ لیاری ندی پل کے قریب جی 23 بس اسٹاپ پر پیش آیا جہاں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کا گھیراؤ کیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان انتہائی خطرناک اور عادی جرائم پیشہ تھے جو شہر میں سنگین وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران کے مطابق ہلاک ہونے والا یہ گروہ ہائی پروفائل جرائم میں ملوث تھا اور خاص طور پر بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو نشانہ بناتا تھا۔ پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ اسی گروہ نے 20 اپریل کو خواجہ اجمیر نگری میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک دودھ کے تاجر کو بھی بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔

پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک کار، موٹر سائیکل، اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کر لیے ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت کا عمل مکمل ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت ندیم علی، سرفراز، نوید، آصف علی اور غلام عباس کے ناموں سے ہوئی ہے جن کی عمریں 35 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مارے گئے ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی دیگر وارداتوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے اس منظم گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے