گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی خصوصی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چوری اور چھینی گئی موٹر سائیکلوں کے دو بڑے گروہ ختم کر دیے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 25 موٹر سائیکلیں ریکور کر کے انہیں اصل مالکان کے حوالے کر دیا ہے۔
ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو زاہد حسین میرانی اور ایس ایچ او عبدالوحید بھٹو نے اپنی ٹیم اور آئی ٹی انچارج محمد عامر آرائیں کے ہمراہ مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ‘چاچڑ گینگ’ اور ‘شیخ گینگ’ کا خاتمہ کیا۔ تھانہ میرپور ماتھیلو میں منعقدہ تقریب کے دوران برآمد شدہ موٹر سائیکلیں کاشف حسین، عبدالرشید، وزیر احمد، سدھیر احمد، محمد علی، ریاض پتافی، اسرار احمد، حسین احمد، رمیش لعل اور عرفان علی میرانی سمیت 25 مالکان کے حوالے کی گئیں۔
ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کا اولین فرض عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہے، انہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والی پولیس پارٹی کے لیے شاباشی کا پیغام بھی جاری کیا۔ دوسری جانب مسروقہ موٹر سائیکلیں واپس ملنے پر شہریوں نے پولیس حکام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

