خطے میں کشیدگی کا خاتمہ ضروری ہے: سعودی عرب کا پاکستان کے سفارتی کردار پر اعتماد

ریاض: (کیو این این ورلڈ) سعودی عرب نے ایران کے معاملے پر پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے ضبطِ نفس اور تصادم سے گریز کی اپیل کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ایک ایسے سیاسی حل کے لیے پاکستانی کوششوں کے ساتھ ہیں جو خطے کو عدم استحکام اور سلامتی کے خطرات سے بچا سکے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ موجودہ صورتحال نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ ہے۔

سعودی عرب نے آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم بحری راستے کی بندش عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو شدید متاثر کر سکتی ہے۔ سعودی حکام کا مطالبہ ہے کہ صورتحال کو 28 فروری سے قبل کی قدرتی حالت پر واپس لایا جائے تاکہ جہازوں کی بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی ہو سکے۔

دریں اثنا، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد نے یو اے ای پر ہونے والے حالیہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور امارات کی سلامتی و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے