کراچی میں افسوسناک واقعہ، میاں بیوی، دو معصوم بچیوں اور بہن کی پراسرار ہلاکت، تحقیقات شروع

کراچی (کیو این این ورلڈ/نمائندہ خصوصی ڈاکٹربشیراحمد بلوچ)کراچی کے علاقے گلشن حدید میں واقع ایک نجی سوسائٹی کے مکان سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق برآمد ہونے والی لاشوں میں میاں، بیوی، ان کی دو معصوم بچیاں اور ایک خاتون شامل ہیں۔ متوفین کی شناخت 40 سالہ شاہ زیب، ان کی 40 سالہ اہلیہ صباء، 5 سالہ بیٹی ایزل اور 4 سالہ بیٹی آریہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ پانچویں لاش شاہ زیب کی 18 سالہ بہن شمائلہ کی ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام افراد کی موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے کارروائی جاری ہے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائیں، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے اور فرانزک جائزہ لینے سمیت تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں تاکہ ہلاکتوں کی اصل وجوہات کا تعین ہو سکے۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ اگر واقعے میں کوئی مجرمانہ پہلو شامل ہے تو ملوث عناصر کو سامنے لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور تحقیقات کی پیشرفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے