کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین کو خوفناک حادثہ، 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، وزیراعظم کا نوٹس

ملتان (نیوز ڈیسک)ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ٹرین کی تمام بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ جانے کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس جیسے ہی ملتان کے قریب شیر شاہ پل سے گزر رہی تھی کہ اچانک ٹرین کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ حادثہ ٹرین کی رفتار تیز ہونے کے باعث پیش آیا، جس کی وجہ سے ایک کے بعد ایک تمام بوگیاں الٹ گئیں۔ حادثے کے بعد شدید چیخ و پکار مچ گئی اور بڑی تعداد میں مسافر اپنی مدد آپ کے تحت اور ریسکیو ٹیموں کی امداد سے بوگیوں سے باہر نکلے، جبکہ متاثرہ مسافر اپنے سامان کے ساتھ پٹری کے کنارے بے یارو مددگار بیٹھے نظر آئے۔

واقعے میں سفر کرنے والے ایک مسافر نے بتایا کہ رحمان بابا ایکسپریس کا حادثہ صبح سوا 5 بجے کے قریب پیش آیا۔ مسافر کے مطابق اس سے قبل روہڑی اسٹیشن کے قریب بھی بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔

پولیس اور ریسکیو 1122 کے حکام نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے فوری طور پر نشتر اسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے گہرے اظہارِ افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے