کراچی (کیو این این ورلڈ/نمائندہ خصوصی ڈاکٹر بشیر بلوچ)کراچی کے علاقے عوامی کالونی بند والی پٹی پر قائم پولیس چیک پوسٹ پر شرپسند عناصر کے حملے، فائرنگ اور پولیس اہلکاروں پر مبینہ شدید تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔ متاثرہ اہلکاروں کے مطابق حملہ آوروں نے نہ صرف چیک پوسٹ میں توڑ پھوڑ کی بلکہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں پر کرسیاں مار کر شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
واقعے کے حوالے سے متاثرہ اہلکاروں نے بتایا کہ جب وہ اپنے ساتھی اہلکاروں کو چھڑوانے کے لیے موقع پر پہنچے تو شرپسندوں نے ان پر بھی حملہ کر دیا۔ اہلکاروں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او عوامی کالونی اور ہیڈ محرر موقع پر تو پہنچے لیکن انہوں نے اپنے ہی اہلکاروں کا ساتھ نہیں دیا، جس کے باعث اہلکاروں میں شدید برہمی اور دل شکنی پائی جاتی ہے۔
متاثرہ پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ "ہم کیا مار کھانے کے لیے ڈیوٹی کرتے ہیں؟ ہماری بھی کوئی عزتِ نفس ہے”۔ اہلکاروں نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پولیس حکام نے جمعرات کی شام پیش آنے والے اس واقعے کی تصدیق کی ہے، تاہم انتظامیہ نے چوکی پر آ کر اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے دعوے کی نفی کی ہے۔ واقعے کے حقائق کا جائزہ لینے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔