اردن کا 4 ایرانی میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ، کویتی فوج فضائی خطرات سے نمٹنے میں مصروف
عمان/کویت سٹی:(کیو این این ورلڈ) اردن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے داغے گئے چار میزائلوں کو اردن کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد تباہ کر دیا گیا۔
اردنی فوج کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے میزائلوں کا بروقت سراغ لگا کر انہیں نشانہ بنایا، جس سے ممکنہ خطرے کو ٹال دیا گیا۔ تاہم فوری طور پر اس کارروائی کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب کویت کی مسلح افواج نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے دشمن اہداف سے نمٹ رہی ہیں۔
کویتی فوج کے سربراہ نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو جاری بیان میں کہا کہ مسلح افواج اس وقت فضائی دفاعی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں اور ملک کی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دونوں ممالک کی جانب سے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔