اسلام آباد میں کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن، مزید 50 غیر ملکی گرفتار

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ)گلبرگ گرینز میں کال سینٹر کے اندر مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 284 غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے ان کے ویزے منسوخ کردیئے گئے۔ گرفتار افراد کو 15 روز کے اندر پاکستان سے واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ان کے نام بلیک لسٹ اور فارنرز کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق گلبرگ گرینز میں واقع متعلقہ پلازہ کو تاحکمِ ثانی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ سب جیل کا انتظام ایف آئی اے کے سپرد رہے گا۔

ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان کے مطابق تحقیقات کے دوران انتہائی تشویشناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔ گرفتار افراد مبینہ طور پر لڑکیوں کی جعلی شناخت بنا کر پاکستانی شہریوں سے رابطے کرتے اور مختلف ایپلی کیشنز پر سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر شہریوں سے رقم ہتھیاتے تھے۔

ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار غیر ملکیوں کے مقامی سہولت کاروں اور ہینڈلرز کا بھی سراغ مل گیا ہے، جبکہ کئی پاکستانی شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق معاملے میں بعض سرکاری اہلکاروں کی ممکنہ معاونت کے پہلو سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے