امریکا کے ساتھ عبوری معاہدے کے بعد ایران کے 12 ارب ڈالر منجمد فنڈز میں سے آدھی رقم ریلیز کئے جانے کی اطلاعات
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہونے والے ایک عبوری معاہدے کے بعد قطر میں منجمد کیے گئے ایرانی اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ رقم ان 12 ارب ڈالر اثاثوں کا حصہ ہے جو مختلف بین الاقوامی پابندیوں کے باعث قطر میں منجمد تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ معاہدے کے بعد تیل اور پیٹروکیمیکل سیکٹر پر عائد بعض پابندیوں میں نرمی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس ماہ دونوں ممالک کے درمیان ایک ابتدائی یا عبوری معاہدہ طے پایا ہے جس کا مقصد باہمی کشیدگی میں کمی لانا اور مستقبل میں کسی جامع معاہدے کی بنیاد رکھنا ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران شدید اقتصادی پابندیوں اور مالی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ امریکا اور اس کے اتحادی ایران کے جوہری پروگرام اور علاقائی سرگرمیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اگر یہ عمل آگے بڑھتا ہے تو ایران کی معیشت کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے، تاہم اس حوالے سے امریکا یا قطر کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔