بھارت نے پہلی بار آپریشن سندور میں ہلاک 6 فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی

بھارت نے پہلی بار آپریشن سندور میں ہلاک 6 فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی
بھارت نے پاکستان کے ساتھ مئی 2025 میں ہونے والی فوجی کشیدگی کے تقریباً ایک سال بعد پہلی مرتبہ "آپریشن سندور” کے دوران ہلاک ہونے والے اپنی مسلح افواج کے 6 اہلکاروں کے نام سرکاری طور پر جاری کر دیے ہیں۔

بھارتی حکومت نے 26 جون 2026 کو نیشنل وار میموریل کی ویب سائٹ کے "رول آف آنر” سیکشن میں ان 6 اہلکاروں کے نام شائع کیے، جن کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ آپریشن سندور کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔

مئی 2025 میں پہلگام حملے کے بعد بھارت نے پاکستان میں مبینہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنی کارروائی کو "آپریشن سندور” کا نام دیا تھا، جبکہ پاکستان نے اس کے جواب میں "آپریشن بنیان مرصوص” شروع کیا تھا۔

دونوں ممالک نے اس دوران ایک دوسرے کو بھاری نقصان پہنچانے کے دعوے کیے تھے۔ پاکستان کا مؤقف تھا کہ اس نے بھارتی جنگی طیارے بھی مار گرائے، جبکہ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے 13 مئی 2025 کو بتایا تھا کہ ان کارروائیوں میں پاکستان کی مسلح افواج کے 11 اہلکار شہید ہوئے، جن میں 6 کا تعلق بری فوج اور 5 کا پاک فضائیہ سے تھا۔ بعد ازاں ان اہلکاروں کی شناخت بھی ظاہر کی گئی اور اگست 2025 میں انہیں فوجی اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

بھارت کی جانب سے اب ایک سال بعد ہلاک ہونے والے فوجیوں کے نام سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ اس وقت بھارتی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا تھا کہ کارروائی کے دوران کسی بھارتی فوجی کو نقصان نہیں پہنچا، جبکہ اب سرکاری طور پر 6 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے